Topخبریںسیاستاقتصاد

مولوی عبدالکبیرکی اسلامی دنیا کے سرمایہ کاروں کو افغانستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

 

کابل (بی این اے) نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر نے انسانی، ثقافتی اور سماجی امور میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری سے ملاقات میں عالم اسلام کے سرمایہ کاروں کو دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغانستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔
ارگ نے اپنے خبرنامے میں لکھا: مولوی عبدالکبیر نے انسانی، ثقافتی اور سماجی امور میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری اور خصوصی نمائندے ڈاکٹر طارق علی بخیت اور ان کے ہمراہی وفد سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ڈاکٹر طارق علی بخیت نے اسلامی تعاون تنظیم کے وفد کے دورہ افغانستان کو امارت اسلامیہ افغانستان کے ساتھ اس تنظیم کے "نیک” نیت اور "اچھے” تعلقات کی نمائندگی قرار دیا اور کہا کہ عالم اسلام اور اسلامی تعاون تنظیم افغانستان کی مدد اور تعاون کے لیے پرعزم ہے اور اس تنظیم کے ارکان نے افغانوں کی ترجیحات کی نشاندہی کے لیے ایک وفد افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
افغانستان کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی نمائندے نے داعش کے خاتمے کے لیے امارت اسلامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے آغاز اور افغانستان کی اقتصادی مضبوطی کے حوالے سے امارت اسلامیہ کی کاوشیں نمایاں ہیں۔
ڈاکٹر طارق علی بخیت نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے پڑوسی ممالک جن کو بعض معاملات میں تحفظات ہیں، انہیں ان کے حل کے لیے امارت اسلامیہ افغانستان کے ساتھ مل کر بات کرنی چاہیے۔
مولوی عبدالکبیر نے کہا: امارت اسلامیہ افغانستان اور عالمی سطح پر مدد کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتی ہے۔
مولوی عبدالکبیر نے افغانوں کے لیے انسانی امداد جاری رکھنے پر زور دیا اور مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم دیگر ممالک کے ساتھ افغانستان کے تعلقات کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ امارت اسلامیہ نے تین سال سے بھی کم عرصے میں افغانستان میں داعش کو تباہ کر دیا ہے اور وہ کسی کو افغانستان کی سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مکمل طور پر اسلامی اور آزاد نظام حاکم ہے جو تمام ممالک بالخصوص اسلامی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں تعاون، تعامل اور استحکام کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ غزہ کے مسئلے کے حوالے سے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں اور اس منظر کو عالم اسلام کے دیگر حصوں میں دہرانے کی اجازت نہ دیں۔
واضح رہے کہ انسانی، ثقافتی اور سماجی امور میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری اور افغانستان کے لیے اس تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ڈاکٹر طارق علی بخیت اور ان کے ہمراہی وفد کی کابل آمد کے بعد نائب وزیراعظم برائے سیاسی امور ، نائب وزیر اعظم برائے انتظامی امور اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

Show More

Related Articles

Back to top button