اقتصاد‏معاشرہروزگار کے مواقع

خوست انڈسٹریل پارک میں 18 ملین افغانی کی لاگت سے متعدد منصوبوں کاآغاز

 

کابل(بی این اے ) صوبہ خوست کے صنعتی پارک کی اراضی سالہا بعد واگزار کرالی گئی اور آج 18 ملین افغانی کی لاگت سے ان میں متعدد منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں خوست کے ڈائریکٹر انڈسٹری اینڈ ٹریڈ مولوی شمس الاحمد نے کہا کہ خوست میں درجنوں فیکٹریاں جگہ کی کمی کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں، انڈسٹریل پارک کی تعمیر سے ان کے مسائل حل ہو جائیں گے اور سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک متعدد سرمایہ کار مذکورہ انڈسٹریل پارک میں سرمایہ کاری کے لیے درخواستیں جمع کراچکے ہیں اور خصوصی طریقہ کار اور اقدامات مکمل کرنے کے بعد انہیں اراضی کی تقسیم کردی جائے گی۔
اس موقع پر نائب وزیر صنعت و تجارت مولوی قدرت اللہ جمال نے صوبائی انتظامیہ اور سیکورٹی حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سالہا سال کی تاخیر کے بعد انڈسٹریل پارک کی باقی ماندہ اراضی کو غاصبوں سے واگزار کروایا۔
مولوی جمال نے مزید کہا کہ وہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، انہوں نے خوست کے سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ مذکورہ انڈسٹریل پارک میں سرمایہ کاری کریں تاکہ سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں میں 18 ملین افغانی کی لاگت سے 1260 میٹر حفاظتی دیوار، 276 میٹر لمبی ریٹیننگ وال اور انڈسٹریل پارک کی 600 میٹر لمبی اندرونی سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔
واضح رہے کہ خوست انڈسٹریل پارک کی اراضی گزشتہ کچھ عرصے سے مقامی مافیا نے غصب کی ہوئی تھی جسےصوبائی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے ان سے واگزار کروایا تھا اور آج اس میں تعمیراتی کام شروع ہوگیا ہے۔

Show More

Related Articles

Back to top button