خبریںسیاستاقتصاد‏معاشرہTop

افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کا واخان کوریڈور کی تعمیر شروع کرنے کامطالبہ

کابل(بی این اے ) افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یونس مہمند نے آج ایک پریس کانفرنس میں "واخان کوریڈور” کی تعمیر شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔
باختر نیوز کے نامہ نگار کے مطابق اس موقع پر کابل میں منعقدہ اجلاس میں محمد یونس مہمند نے کہا افغانستان کے اس وقت دنیا کے کئی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان کی کراچی بندرگاہ کے مسائل کسی حد تک حل ہوچکے ہیں اور آج ہمارے 3380 کنٹینرز کا ایک حصہ افغانستان کی طرف روانہ کیا جائے گا۔
یونس مہمند کی معلومات کے مطابق اس وقت پاکستان اور ایران کے ساتھ ملک کے پورٹز فعال ہیں اور افغانستان کی ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان اور چین کے ساتھ معمول کے مطابق تجارت اور برآمدات کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا اور ایران کے ساتھ افغانستان کی تجارت گزشتہ سال کے مقابلے میں ترقی کر رہی ہے اور افغانستان کا نجی شعبہ امارت اسلامیہ سے درخواست کرتا ہے کہ مذکورہ تجارتی اور ٹرانزٹ راستوں کے علاوہ جلد از جلد "واخان کوریڈور” کی تعمیر شروع کی جائے۔
محمد یونس مہمند نے یقین دلایاکہ افغانستان کا نجی شعبہ واخان راہداری کی تعمیر میں امارت اسلامیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی مکمل حمایت کرے گا۔
انہوں نے تجارت اور ٹرانزٹ کے حوالے سے افغانستان کے ساتھ تعاون پر پڑوسی ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے ان سے کہا کہ وہ افغانستان کے ساتھ بھائی چارے کی بنیاد پر برتاؤ کریں اور ایسے رویے سے گریز کریں جو پڑوسی اور بین الاقوامی تعلقات کے اصولوں اور قوانین کے خلاف ہو۔
افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ افغانوں کی منجمد رقم جاری کرے تاکہ اس سے وہ اپنے مسائل حل کر سکیں۔
اجلاس کے تسلسل میں ٹیکسٹائل سیلرز یونین کے سربراہ عبید اللہ، تاجروں اور دکانداروں کے چیمبر کے سربراہ سخی، کارپٹ یونین کے سربراہ کریم زادہ اور دیگر مقررین نے "واخان کوریڈور” کی تاریخی اور اقتصادی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس راہداری کی تعمیر شروع کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ” واخان کوریڈور” خطے کے ممالک کے ساتھ تجارتی اور ٹرانزٹ روٹ ہے جو افغانستان کو براہ راست چین سے ملاتا ہے اور افغانستان کی برآمدات اور درآمدی راستے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

Back to top button