کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے 429 ملین افغانی کی لاگت سے ہسپتال کی تعمیر کا آغاز
کابل( بی این اے ) کابل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے علی آباد ٹیچنگ ہسپتال میں 250 بستروں پر مشتمل کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے ہسپتال کی تعمیر کا کام 429 ملین افغانی کی لاگت سے شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ بجٹ وزارت ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے دیا جائے گا۔
وزارت ہائیر ایجوکیشن کے ترجمان حافظ ضیاء اللہ ہاشمی کا کہنا ہے کہ اس ہسپتال کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ 2007ء میں بین الاقوامی ادارہ برائے ایٹمی توانائی کی مالی معاونت سے شروع کیا گیا تھا لیکن متعدد مسائل اور فنڈز کی کمی کے باعث یہ منصوبہ مکمل نہ ہو سکا ۔
حافظ ضیاء اللہ ہاشمی نے مزید کہا کہ کینسر کی تشخیص اور علاج کا یہ ہسپتال ملک میں کینسر کی تشخیص اور علاج کا واحد مرکز ہوگا، جو کینسر کے ہزاروں مریضوں کو بیرون ملک جانے کی بجائے ملک میں علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔
یاد رہے کہ علی آباد ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ کینسر میں اس وقت 14 اسپیشلسٹ ڈاکٹرز موجود ہیں جو نوجوان ڈاکٹروں کو پڑھانے کے علاوہ کینسر کے مریضوں کو طبی خدمات بھی فراہم کررہے ہیں۔