کابل ( بی این اے ) نائب وزیر اعظم برائے انتظامی امور مولوی عبدالسلام حنفی سے جوزجان کے گورنر مولوی نورالدین عمیر نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں جوزجان کے گورنر نے نائب وزیر اعظم کو مذکورہ صوبے کی سماجی، اقتصادی اور سیکورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ اپنی سرگرمیوں اور اقدامات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ مجاہدین اور مقامی عہدیداروں کی کوششوں کے نتیجے میں سیکورٹی مکمل طور پر یقینی بنائی گئی ہے اور لوگ اعتماد کے ساتھ اپنی روزمرہ کی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
نور الدین عمیر نے مزید کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جوزجان میں بھی ترقیاتی منصوبے نافذ کیے جا رہے ہی اور لوگ حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں۔
دریں اثناء نائب وزیر اعظم نے جوزجان کے مقامی حکام کی سرگرمیوں اور اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقل طور پر امن و امان کو یقینی بنانا، شہریوں کو آرام دہ زندگی کی سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا حل امارت اسلامیہ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ ہم اس میدان میں بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
اس ملاقات میں انہوں نے عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنے پر زور دیا اور مقامی عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور عوام کے ساتھ ہمیشہ اچھا سلوک کریں۔