نائب وزیراعظم برائے انتظامی امور کا ازبکستان کے علاقے بخارا میں اسلامی اور تاریخی مقامات کا دورہ
کابل (بی این اے) امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے انتظامی امور مولوی عبدالسلام حنفی نے ازبکستان کے شہر بخارا کے اسلامی اور تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔
صدارتی محل کے جاری بیان کے مطابق مولوی عبدالسلام حنفی اور ان کے ساتھیوں نے گزشتہ روز بخارا (ازبکستان) کا دورہ کیا اور بخارا کے اسلامی اور تاریخی مقامات کی زیارت کی۔
دورے کے دوران بخارا کے گورنر باتور ظریفوف اور ازبکستان کی حکومت کے بعض نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔
باتور ظریفوف نے امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان اور افغانستان کے درمیان بہت سی ثقافتی اور تاریخی مشترکات ہیں جنہیں دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
مولوی عبدالسلام حنفی نے افغانستان اور ازبکستان کو منفرد تاریخی، قدیم اور اسلامی ثقافت و تہذیب میں قابل دید مقام رکھنے والے دو ممالک قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس مقام کے صحیح استعمال سے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ نائب وزیراعظم برائے انتظامی امور نے ہفتے کے روز ازبک حکام کی سرکاری دعوت پر ایک وفد کی سربراہی میں ازبکستان کا دورہ کیا اور ملک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں وزیراعظم عبداللہ عارفوف، نائب وزیراعظم جمشید خاجائیف اور ازبکستان کے مفتی اعظم خلیق نذر شامل تھے۔