مس عینک پروجیکٹ، پہلے مرحلے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی: چینی کمپنی
کابل(بی این اے) مس عینک پروجیکٹ کی چینی کنٹریکٹنگ کمپنی کے ڈائریکٹر سونگ ون بنگ نے نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر سے ملاقات میں کہا کہ امارت اسلامیہ کی حاکمیت سے ان کے بہت سے مسائل حل ہو گئے ہیں اور انہیں اب بھی افغان حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔
سونگ ون بنگ نے کہا کہ مس عینک کے پہلے حصے میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے 3 ہزار افغانوں کو براہ راست روزگار ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ افغان نوجوانوں کے ایک گروپ کو پیشہ ورانہ تربیت کے لیے چین بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس ملاقات میں مولوی عبدالکبیر نے افغانستان اور چین کے تعلقات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ مس عینک کے عملی امور اور کام کے آغاز پر توجہ دی جائے اور وقت کے ضیاع سے گریز کیا جائے۔
یاد رہے کہ مس عینک کان پر عملی کام کا آغاز کان تک جانے والی سڑک کی تعمیر کے ساتھ شروع ہوگیا ہے۔ جس کی تکمیل کے بعد استخراج کا عمل شروع ہوگا۔