ترمذ انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر، کابل اور تاشقند کے درمیان دوستی، تعاون اور شراکت داری کا ایک نیا باب ہے: ملا عبدالغنی برادر

 

کابل ( بی این اے ) نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر اخوند ازبکستان کی سرکاری دعوت پر آج ترمذ پہنچ گئے، اور "ترمذ انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر” کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
باختر نیوز کی رپورٹ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملا عبدالغنی برادر اخوند نے کہا کہ: "آج دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مرکز کے افتتاح کے ساتھ ہی باہمی تجارتی تعلقات اور علاقائی تعاون کے حوالے سے ایک انتہائی اہم قدم اٹھایا جا رہا ہے۔” اس مرکز سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں پیدا ہوں گی اور مجموعی اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔
ملا برادر اخوند نے مزید کہا کہ یہ صرف تجارتی مرکز نہیں ہے۔ بلکہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی، تعاون اور شراکت داری کا ایک نیا باب ہے، جو دونوں ملکوں کے باشندوں کے لیے طویل المدتی ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
اس مرکز کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تجارتی مرکز کے آغاز سے مصنوعات کی پیداوار، پروسیسنگ اور برآمد میں سہولیات پیدا ہوں گی اور علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی آسان ہو جائے گی۔
اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے معاشی تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ یہ علاقائی سطح پر ایک اہم اقتصادی مرکز اور وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے تجارتی گیٹ وے بھی ثابت ہوگا۔
نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ: مذکورہ تجارتی مرکز دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی اور نئی ایجادات کے شعبے میں مشترکہ تعاون کو بھی تقویت دے گا۔
ملا عبدالغنی برادر اخوند کے مطابق، یہ مرکز افغان اور ازبک تاجروں کو اپنی مصنوعات کی فروخت کے لیے مناسب منڈیاں تلاش کرنے کے لیے ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کرے گا اور اس علاقے کی اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کرے گا۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان اپنی معیشت پر مبنی پالیسی کے مطابق تمام ممالک کے ساتھ مناسب باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات رکھنا چاہتی ہےاور اس سلسلے میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کی پابند ہے۔

Show More

Related Articles

Back to top button