کابل (بی این اے) وزیر مائنز اینڈ پیٹرولیم ملا ہدایت اللہ بدری کی قیادت میں افغان الیکٹرسٹی کمپنی کے جنرل ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالباری عمر اور دیگر حکومتی اداروں کے وفد نے اشک آباد، ترکمانستان میں ملک کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقات کی اور ترکمانستان کے اس سرکاری دورے کے دوران، ٹی اے پی پراجیکٹ پر ترکمن وزیر توانائی جناب اناگلدی سپاروف کے ساتھ دستخط کیے۔
ٹاپ منصوبہ افغان الیکٹرسٹی کمپنی کے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے، جس میں ترکمانستان کی توانائی کو افغانستان کے راستے پاکستان بھیجا جائے گا۔
اس معاہدے میں دونوں فریقین نے اپنی اپنی زمینوں میں مذکورہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے راہ ہموار کرنے اور مذکورہ منصوبے کے متعلقہ دستاویزات مکمل کرنے کا وعدہ کیا۔
اس بڑے اور اہم منصوبے پر عمل درآمد اور تکمیل سے ملک کے ہزاروں افراد کو روز گار کے ساتھ ساتھ افغانستان کو اس لائن کے ذریعے بڑی مقدار میں بجلی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر سال پاکستان ٹرانسمیشن پاور کی جانب سے ٹرانزٹ رائٹس کی مد میں بڑی رقم بھی ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ افغانستان الیکٹرسٹی کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر صفی اللہ احمد زئی اور پلاننگ چیف انجینئر عبداللہ ساجد بھی مذکورہ وفد کے ہمراہ ہیں۔