کابل (بی این اے) افغان وزارت خارجہ نے تاپی(ترکمانستان- افغانستان- پاکستان- انڈیا پائپ لائن)، فائبر آپٹک، ٹی اے پی (ترکمانستان- افغانستان- پاکستان پاور ٹرانسمیشن) کے افتتاح کے لیے تیاری کا پہلا اجلاس بلایا، اجلاس کا مقصد افغانستان اور ترکمانستان کے درمیان ریلوے منصوبے اور علاقائی اقدامات کے انتظامات کو حتمی شکل دینا ہے۔
وزارت کی پریس ریلیز کے مطابق یہ اجلاس وزیراعظم آفس کی ہدایت پر ہوا اور اس کی صدارت وزیر خارجہ نے کی۔
اجلاس میں معدنیات و پٹرولیم، تعمیرات عامہ، اطلاعات و ثقافت، ٹیلی کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارتوں اور افغانستان الیکٹرک کمپنی کے نمائندوں کے علاوہ امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان نے شرکت کی۔
سیشن کے دوران کمیشن کے چیئرمین اور شریک اداروں کے عہدیداروں نے مختلف ذیلی کمیٹیوں کی تیاریوں کے بارے میں جامع رپورٹس پیش کیں اور افتتاحی تقاریب کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی سے متعلق فیصلے کئے۔
توقع ہے کہ یہ منصوبے آنے والے دنوں میں ایک باضابطہ تقریب میں شروع کیے جائیں گے، جو افغانستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کی مضبوطی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔